اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو امریکی کانگریس میں خطاب کے لئے امریکہ پہنچ گئے ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان کی تقریر کے بعد امریکہ اور اسرائیل کے درمیان تعلقات مزید کشیدگی کی جانب بڑھیں گے۔اطلاعات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کے امریکہ پہنچنے پر فلسطینی حامیوں کی جانب سے واشنگٹن کنونشن سینٹرکے باہر شدید احتجاج کیا گیا اور مظاہرین نے ہاتھوں پر علامتی خون ملتے ہوئے اپنے چہروں پر اسرائیلی وزیراعظم کی شکل کے ماسک بھی پہنے۔ حزب اختلاف کی جماعت ریپبلکن پارٹی کی دعوت پر اسرائیلی وزیراعظم امریکہ پہنچے جہاں وہ کل امریکی کانگریس سے خطاب بھی کریں گے جب کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم کو دعوت دینے اور کانگریس سے خطاب پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ نیتن یاہو کانگریس سے اپنے خطاب میں ممکنہ ایرانی جوہری معاہدے پر امریکی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنائیں گے۔امریکی صدر باراک اوبامہ اس دورے کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات نہیں کریں گے۔امریکہ اور اسرائیل کے درمیان اس کشیدگی کو تاریخی کشیدگی قراردیا جارہا ہے ۔
.......
/169